ندا یاسر کے والد نے یاسر نواز کو کیوں ریجیکٹ کیا تھا؟

September 16, 2021

پاکستان کے اداکار اور ڈائریکٹر یاسر نواز نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کا سب سے پہلا آڈیشن اُن کی اہلیہ، میزبان ندا یاسر کے والد نے لیا تھا اور مسترد کر دیا تھا۔

یاسر نواز کے سوشل میڈیا پر اس وقت چند مختصر سے ویڈیو کلپس خوب وائرل ہو رہے ہیں جس میں سے ایک نہایت دلچسپ ہے اور انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے بھی خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

یاسر نواز کا ویڈیو کلپ میں بتانا ہے کہ ’اُنہوں نے جب ایکٹنگ کے لیے پہلا آڈیشن دیا تھا تو ندا یاسر کے والد کاظم پاشا اُن کا پہلا آڈیشن لینے والے ڈائریکٹر تھے، وہ نیوی پر بننے والے ایک ڈرامے کا آڈیشن لے رہے تھے۔‘


یاسر نواز نے بتایا کہ ’اُنہیں ایک اسکرپٹ دیا گیا تھا کہ یہ کیمرے میں بولنا ہے، اُنہیں جملے بھی یاد تھے مگر جیسے ہی کیمرہ آن ہوا اُن کے دل کی دھڑکن تیز اور ہاتھ پاؤں ٹھنڈے پڑ گئے تھے۔‘

اُنہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ ’اُن کے چہرے پر یہ بات واضح تھی کہ وہ بہت زیادہ نروس ہو رہے ہیں، اس دوران کاظم پاشا یعنی کہ ندا یاسر کے والد نے اُن کے والد سے کہا کہ یہ بچہ اداکاری میںابھی کمزور ہے اور یہ کہہ کر ندا یاسر کے والد نے انہیں ریجیکٹ کر دیا تھا۔‘