حالیہ تناظر میں پاکستان میں نہ کوئی افغان مہاجر ہے نہ ہی مہاجر کیمپ، شیخ رشید

September 16, 2021

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حالیہ تناظر میں پاکستان میں نہ کوئی افغان مہاجر ہے نہ ہی مہاجر کیمپ، غیرملکیوں اور افغان شہریوں کے انخلا کیلئے سہولت مرکز 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔

شیخ رشید سے یو این ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلپوگرانڈی نے ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان سے انخلا اور افغان شہریوں کیلئے انسانی امداد سے متعلق گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہشمند ہے، طالبان کو حکومت سازی اور ملکی امور چلانے میں وقت دینا چاہیے۔

شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کو افغانستان میں زمینی حقائق سمجھنے کی ضرورت ہے، طالبان کو افغانستان میں گورننس کیلئے مالی اور انسانی وسائل یقینی بنانا ہوں گے۔

فیلپو گرانڈی نے کہا کہ پاکستان کا 30 لاکھ افغان مہاجرین کی مسلسل دیکھ بھال میں کردارقابل رشک ہے۔

یو این ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے کہا کہ افغان شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر ممکن مدد کریں گے، اقوام متحدہ نے افغانستان کیلئے فنڈز اور امداد کیلئے اقوام عالم کو متحرک کیا ہے۔

فیلپو گرانڈی نے کہا کہ یو این عملے کی سیکیورٹی اور ویزا سہولیات دینے پر پاکستان کے مشکور ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت خوراک اور ادویات افغانستان بھیجی ہیں، پاکستان افغان شہریوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد جاری رکھے گا۔