الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیے، ذرائع

September 16, 2021


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ادارے پر الزامات لگانے پر وفاقی وزراء فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے الزامات کے ثبوت طلب کرلیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے دونوں وزراء سے 7 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء کو الیکشن کمیشن پر الزامات لگانے پر نوٹس جاری کیے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزراء نے الیکشن کمشین پر الزامات لگائے تھے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا کہ تھا الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے۔

اعظم سواتی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔