پاکستان افغانستان میں عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، وزیر اعظم عمران خان

September 16, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان افغانستان میں 40 سال تک عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، عالمی برادری کو افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے تاجکستان میں ہیں، دوشنبے میں وزیراعظم عمران خان کی بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشیکو سے ملاقات ہوئی۔

عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے میں مدد دینا ہوگی، پاکستان افغانستان کے استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت کرے گا۔

وزیراعظم اور بیلاروس کے صدر کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ امید ہے عالمی برادری افغانستان میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

وزیر اعظم عمران خان کی قازقستان کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی۔