جنوبی وزیرستان آپریشن

September 17, 2021

تقریباً دو ہزار چھ سو چالیس کلومیٹر طویل پاک افغان سرحد پر جو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردوں کی آماجگاہ تصور کی جاتی تھی پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے دوران دہشت گردی کے ٹھکانوں کا بڑی حد تک صفایا کیا جس کے بعد سرحد پر باڑ کی تنصیب کا بیشتر کام بھی مکمل کر لیا گیاہےتاہم اس دوران کچھ دہشتگردزیرزمین چلے گئے تھے۔ بھارتی خفیہ اداروں کی شہ پر اب پھر سر اُٹھا رہے ہیں اور گزشتہ چند ماہ سے اپنی سرگرمیاں پھر سے تیز کردی ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملک کے سیکورٹی اداروں نے حالیہ دنوں میں نہایت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ گزشتہ ماہ جنوبی وزیرستان میں ایک اور کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران سات دہشت گرد ہلاک، جبکہ رواں ماہ کے اوائل میں ضلع ہنگو سے کالعدم ٹی ٹی پی کے 9دہشت گرد بمعہ اسلحہ بارود گرفتار کرلیے گئے۔ جس سے ہونے والی تفتیش کی روشنی میں ان افراد کے گرد گھیرا تنگ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ بدھ کے روز جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں خفیہ اطلاعات پر کئے گئے پاک فوج کے آپریشن کے دوران سات جوان شہید ہوگئے جبکہ پانچ دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش سے متعلق آپریشن جاری ہے۔ متذکرہ سات جوانوں کی شہادت مادر وطن کا نقصان عظیم ہے۔ اس کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے تاہم ان بہادروں نے اپنی جان پر کھیل کر دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ پاک فوج ملک میں موجود آخری دہشت گرد کی سرکوبی تک ہمہ وقت مستعد اور پرعزم ہے۔زندہ قومیں اپنے محسنوں کے ان کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998