متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے، ہائیکورٹ

September 17, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ نے پی ای سی ایچ بلاک 6 میں فٹ پاتھ پر قبضے کے خلاف درخواست پر کے ایم سی حکام فوری قبضہ ختم کرانے کا حکم دیدیا، درخواست کی سماعت پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ہم نے ہر فورم پر رجوع کیا جب نہیں سنی گئی تو عدالت آئے۔ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں 245/2/پی کے سامنے فٹ پاتھ پر قبضہ کرلیا گیا ہے، شہریوں کو آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، کے ایم سی کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواست گزار نے ہم سے رجوع نہیں کیا، عدالت نے کے ایم سی اور دیگر حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے سمجھ نہیں آتی متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس میں کہا کہ لوگ مایوس ہوکر دادرسی کے لیے سندھ ہائیکورٹ آتے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ کے ایم سی حکام جائیں اور فوری قبضہ ختم کرائیں ، قبضہ ختم کرنے میں جو بھی اخراجات آئیں، وہ قابضین سے وصول کیے جائیں۔