دن سکون نہ رات چین! کراچی میں گرمی نے شہریوں کو جھنجھلا دیا

September 17, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں شدید گرمی نے شہریوں کو جھنجھلا دیا ہے ، گرمی دن میں سکون لینے دی رہی نہ رات کو چین ، سمندری ہوائیں بند رہی اور پارا 38سینٹی گریڈ تک پہنچا لیکن 43ڈگری محسوس ہوا ، کراچی والوں نے کل ستمبر میں تاریخ کی تیسری گرم ترین رات گزاری۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مشرق میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ کے بیشتر علاقے خاص طور پر کراچی میں گزشتہ چند روز سے شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث موسم مزید گرم ہوگیا ہے۔ جمعرات کو دن ایک بجے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38؍ ڈگری سینٹی گریڈ تھا تاہم سمندری ہوا کی بندش اور دیگر عوامل کے باعث گرمی کی شدت 43 ڈگری محسوس کی جارہی تھی۔کراچی کے موسم کے حوالے سے مرتب ریکارڈ کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ستمبر کے مہینے میں تاریخ کی تیسری گرم ترین رات تھی، گزشتہ رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 5ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا، اس سے قبل کراچی میں 11؍ ستمبر 1962ء اور 5ستمبر 2011ء کو کم سے کم درجہ حرارت 30؍ اعشاریہ 6جبکہ 20؍ ستمبر 1988ء کو کم سے کم درجہ حرارت 30؍ اعشاریہ 8؍ ڈگری ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں گرمی کی شدت آئندہ چند روزتک برقراررہے گی۔