طالبان حکومت تسلیم کرنیکا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، شاہ محمود قریشی

September 17, 2021

طالبان حکومت تسلیم کرنیکا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، شاہ محمود قریشی

دوشنبے (ایاز اکبر یوسف زئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت تسلیم کرنیکا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، افغانستان کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل میں چین، روس اور پاکستان کا اہم اجلاس ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ا گرچہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ترجیح انسانی بحران اور جنگ زدہ ملک میں اندرونی تنازعات کو ٹالنا ہے۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے کوششوں کو آسان بنانا چاہتا ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں عبوری سیٹ اپ کا تجزیہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نگرانی کر رہے ہیں کہ تمام گروپس حکومت میں شامل ہیں یا نہیں۔