افغانستان، اسپتالوں میں رش، آلات کی کمی، ڈاکٹر اور فنڈز کی قلت

September 17, 2021

کراچی (محمد وقار بھٹی ) افغانستان میں انسانی بحران کا خطرہ سر پر منڈلانے لگا، شعبہ صحت تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، افغانستان کے اسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا، آلات، ڈاکٹرز اور طبی عملے سمیت اسپتالوں کو فنڈز کی قلت کا سامنا، کابل کے ڈاکٹرز نے جمعرات کے روز دی نیوز کو بتایا کہ طالبان کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کئی ڈاکٹرز ملک چھوڑ گئے ہیں، پاکستان اور بھارت کیساتھ منسلک سرحدوں کی بندش اور بھارت کیساتھ تجارت نہ ہونے کے باعث طبی آلات اور ادویات کی قلت بڑھ گئی ہے، شعبہ صحت میں بڑے پیمانے پر بحران کا سامنا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک کیساتھ سرحدوں کی بندش کے بعد کئی شہروں میں مختلف اقسام کی ادویات کی قلت ہوگئی ہے، ڈاکٹرز نے امدادی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات پہنچانے میں مدد فراہم کریں تاکہ ملک بھر میں طبی مراکز کو فعال رکھا جاسکے۔