نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا سیریز ختم کرنا افسوسناک ہے،شیخ سربلند

September 18, 2021

لندن (جنگ نیوز) پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا سیکورٹی خدشات کی بنا پر یکطرفہ طور پر سیریز ختم کرکے واپس جانا ناقابل سمجھ اور افسوسناک ہے۔ اس بات کا اظہار سماجی شخصیت شیخ سربلند نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کو سیکورٹی کے فول پروف انتظامات فراہم کیے گئے تھے اور اب بھی حکام نے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی،حتیٰ کہ وزیراعظم عمران خان نے خود نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی لیکن اس کے باوجود سیریز کا منسوخ ہونا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ کے کھیل سے پیار کرتے ہیں اور وہ باہر کی ٹیموں کو پاکستان میں ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، شیخ سربلند نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے لیے متعدد کھلاڑی پاکستان آتے ہیں، ان میں سے تو کسی نے خود کو غیر محفوظ تصور نہیں کیا، اس موقع پر ضروری ہے کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں دھمکی دینے والے عناصر کا پتہ لگائیں اور ایسے عناصر کو بے نقاب کریں جو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد نہیں چاہتے۔