بی ٹی برمنگھم سائٹ پر1000افراد بھرتی کرے گی

September 18, 2021

لندن (پی اے) بی ٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ برمنگھم میں اپنے نئے دفتر کیلئے 1,000 افراد بھرتی کرے گی۔ اس ادارےکے مڈلینڈز حب میں ملازمین کی تعداد 2,200 ہوگی جبکہ دیگر نئیسائیٹس پر بھی چند ہفتوں کے اندر بھرتی شروع کردی جائے گی۔ سمو ہل میں چند مہینوں اور برسوں کے دوران ملازمتوں کے ایک ہزار مواقع پیداکئے جائیں گے جبکہ فی الوقت فوری طورپر 225 ملازمتوں کی پیشکش کی جائے گی۔بی ٹی اگلے 3 برسوں کے دوران اپنے 300 سے زیادہ سائیٹس کی تعداد کم کر کے 30 کر دے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ادارے کے مستقبل کے بارے میں پر امید ہے، گزشتہ 18ماہ کے دوران، جب بیشتر ادارے کورونا کی وجہ سے گھروں پر کام کو ترجیح دے رہے تھے،بی ٹی نے اسمارٹ ورکنگ کا سلسلہ شروع کیا، جس میں ٹیمز یہ طے کرتی تھیں کہ ان کے ساتھ گھر اور دفتر میں کتنا وقت صرف کریں گے۔ ویسٹ مڈ لینڈز سے ملنے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق برمنگھم سنو ہل کے قریب کلمور را کے نئے دفتر میں پورے بی ٹی گروپ کے، جن میں ڈیجیٹل نیٹ ورک بزنس شامل ہے، میں 3,500 ملازمین کو کھپایا جائے گا۔ بی ٹی گروپ کے چیف ایگزیکٹو فلپ جینسن کا کہنا ہے کہ لندن سے باہر یہ ان کا پہلا بڑا ریجنل حب ہے اور متعدد سینئر افسران کو یہاں تعینات کیاگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ ان کا ہیڈ آفس لندن ہی میں رہے گا لیکن وہ برطانیہ کے دیگر اہم شہروں میں بھی زیادہ مواقع پیدا کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ برمنگھم کے دفتر میں عملے کی آمد شروع ہوگئی ہے اور بی ٹی کا کہنا ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں بتدریج تمام لوگ دفتر پہنچ جائیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ عوام اور عملے کے ارکان کو محفوظ رکھنے کیلئے پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی جاری کردہ تازہ ترین گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔