چلڈرن کمپلیکس شدید بدانتظامی کا شکار، ڈاکٹرز ڈیوٹی سے غیرحاضر

September 18, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سمیت جنوبی پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان کے مریض بچوں کیلئے امید کی واحد کرن 300 بستروں پر مشتمل چلڈرن کمپلیکس میں بدانتظامی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ آئے روز ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث مریض بچوں کا علاج متاثر ہونا معمول بن چکا ہے جبکہ انتظامیہ ڈاکٹروں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔ ادھر ریگولر ایم ایس تعینات نہ ہونے کی وجہ سے بھی چلڈرن کمپلیکس کے امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ رات کے اوقات میں انتظامی افسران کا ڈیوٹیوں سے غائب رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ لواحقین کوئی شکایت یا کسی مسئلے کے حل کے لئے نائٹ ڈی ایم ایس کے کمرے میں جانے لگیں تو باہر کھڑا ہو گارڈ یہ کہہ کر روک دیتا ہے کہ صاحب راؤنڈ پر ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ رات کے اوقات میں مریض بچوں کو چلڈرن کمپلیکس سے نشتر اسپتال ریفر کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بچوں کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔