پتا چلنا چاہیے کہ دورے کی منسوخی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ جاوید میانداد

September 18, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بیٹسمین جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ دورۂ نیوزی لینڈ کے اچانک ختم ہونے کا پتا چلنا چاہیے کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے، جب وزیر اعظم خود تمام تر یقین دہانیاں کروارہا ہے تو اور کیا رہ جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ رمیز راجہ کو آئی سی سی سے امید نہیں رکھنی چاہیے کیونکہ وہ کچھ نہیں کر سکتی، آئی سی سی نے آج تک کسی ملک کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے اس اعلان کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔