ہم اب بھی نیوزی لینڈ یا دوسری ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے: عاصم اظہر

September 18, 2021

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے نیوزی لینڈ کا دورۂ پاکستان منسوخ کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہہم اب بھی نیوزی لینڈ یا دوسری ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں عاصم اظہر نے کہا کہ ’نیوزی لینڈ کا اقدام پریشان کُن اور اُداس ہے لیکن ہم ٹھیک ہیں۔‘

عاصم اظہر نے کہا کہ ’ہم ایک ایسی قوم ہیں جو واپس باؤنس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان محفوظ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’ہم اب بھی دل کھول کر نیوزی لینڈ یا کسی دوسری قوم کو خوش آمدید کریں گے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان کو اس دنیا سے ہوشیار رہنا چاہیے اور اب ہم ٹی 20 ورلڈ کپ میں ملیں گے۔‘

واضح رہےکہ گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے اس اعلان کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔