شلپا شیٹی زندگی کی نئی شروعات کیلئے تیار؟

September 18, 2021

بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی نے "زندگی کی نئی شروعات کرنے" کے بارے میں سوچنا شروع کردیا، انہوں نے سوشل میڈیا پر "تازہ اختتام" کا اقتباس بھی شیئر کیا۔

حال ہی میں شوہر راج کندرا کے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتاری کے بعد شلپا پر بھی اس حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں، تاہم شلپا ہمیشہ ہی خود کے اس گھناؤنے کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتی رہی ہیں۔

چند روز قبل شلپا اس بات کا اعتراف کرچکی ہیں کہ وہ اپنے کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے راج کندرا پر نظر نہیں رکھ پائیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں شلپا سے متعلق بالی ووڈ کے خود ساختہ ناقد کمال آر خان نے یہ پیشگوئی بھی کر ڈالی کہ شلپا شیٹی جلد راج کندرا سے طلاق لینے والی ہیں۔

تاہم اب تازہ پیش رفت میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شلپا شیٹی نے بھی اپنی پوسٹ سے اسی طرح کے تاثر کا اظہا کیا ہے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر شلپا شیٹی نے ایک کتاب سے کارل براڈ کا قول شیئر کیا جو کچھ یوں ہے کہ "اگرچہ کوئی بھی (ماضی میں) واپس نہیں جاسکتا اور نئی شروعات نہیں کرسکتا، لیکن ہر کوئی حال ہی سے شروعات کرسکتا ہے اور اب تک کی اپنی زندگی میں (موجودہ لمحے کو) تازہ اختتام بنا سکتا ہے۔"

شلپا شیٹی نے مذکورہ کتاب سے جس باب کی لائنز شیئر کیں اس کا عنوان "تازہ اختتام" ہے۔

اس اقتباس میں تحریر تھا کہ "ہم اپنے کیے گئے برے فیصلوں، سرزد ہوئی غلطیوں اور تکلیف پہنچانے والے دوستوں کا جائزہ لینے کے لیے بہت وقت ضائع کرسکتے ہیں، ہم اپنا ماضی تبدیل نہیں کرسکتے چاہے ہم اس کے لیے کتنا ہی وقت کیوں نہ ضائع کردیں۔"

شلپا کے شیئر کیے گئے اقتباس میں اس جانب بھی اشارہ کیا گیا تھا کہ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں اور نئی شروعات کرسکتے ہیں، پرانی غلطیوں کو نہ دہراتے ہوئے بہتر فیصلے لے سکتے ہیں اور اپنے ارد گرد لوگوں کے لیے اچھے بن سکتے ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ ہمارے پاس اپنے آپ کو نئے سرے سے دوبارہ اٹھانے کے بے شمار مواقع ہیں، ہم اپنا مستقبل بناسکتے ہیں جیسا ہم بنانا چاہتے ہیں۔