گووندا کی اہلیہ نے بھانجے ونے آنند کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

September 18, 2021

بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے شوہر کے بھانجے اداکار ونے آنند کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

سنیتا آہوجا کا بھانجے ونے آنند سے متعلق کہنا تھا کہ "کوئی تو ہے جسے یہ احساس ہے کہ میں نے ان کے لیے کیا کیا؟"

خیال رہے کہ کافی عرصے سے کامیڈین کرشنا ابھیشیک اور گووندا خاندان کے درمیان تناؤ جاری تھا۔

اس تناؤ کا ایک منظر کپل شرما شو میں بھی دیکھا گیا تھا جب کرشنا نے گووندا اور ان کی اہلیہ کے شو میں آنے پر کاسٹ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔

کرشنا کی اہلیہ کشمیرا بھی گووندا خاندان پر تنقید کے نشتر چلاتی رہی ہیں، تاہم چند روز قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ کرشنا نے گووندا خاندان سے معافی مانگ لی۔

اس تمام تر صورتحال کے دوران گووندا کے ایک اور بھانجے ونے آنند نے گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی تعریف کی تھی۔

اپنے انٹرویو میں ونے آنند کا کہنا تھا کہ سنیتا آہوجا ان کے لیے ماں کی طرح ہیں، انہوں نے ہمیشہ ماں کی طرح میرا خیال رکھا اور ہمیشہ میری حمایت بھی کی اور وہ یہ احسان کبھی نہیں چکا سکتے۔

ان کے اس بیان پر سنیتا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ یہ بہت اچھا ہے کہ ونے اب بھی یاد رکھتے ہیں وہ سب کچھ جو ہم نے ان کے لیے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان کے تمام بچوں جیسے کرشنا، ونے اور آرتی سمیت دیگر کا خیال رکھا کرتی تھیں۔

سنیتا کا کہنا تھا کہ مجھے ونے کے لفظوں سے خوشی ہوئی۔