آسٹریلیا کے دورہ پاکستان پر بھی خدشات کے بادل منڈلانے لگے

September 19, 2021

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)آئندہ سال آسٹریلیا کے دورہ پاکستان پر بھی خدشات کے بادل منڈلانے لگے۔ہفتے کوکرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی پاکستان میں سیریز ختم ہونے کے بعد ہم صورتحال کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، معلومات حاصل ہونے پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے۔آسٹریلیاکو آئندہ سال فروری، مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، آسٹریلوی ٹیم آخری بار 1998 میں یہاں ایکشن میں نظر آئی تھی، غیر ملکی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر انگلینڈ نے بھی آئندہ ماہ پاکستان آنے سے انکار کردیا تو کینگروز کو بھی سیریز نہ کھیلنے کا جواز مل جائے گا۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان دورے کے حوالے سے مثبت تبادلہ خیال ہوا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا سیکیورٹی حالات کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد دورے کے حوالے سے فیصلہ کرےگا۔ کرکٹ آسٹریلیا پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے سپورٹ کررہا ہے لیکن کھلاڑیوں کا تحفظ پہلے ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے بعد اگر انگلینڈ نےبھی پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تو آسٹریلیا کے دورہ کرنے کے امکانات کم ہوجائیں گے۔