73 ویں ایمی ایوارڈز، ’دی کراؤن‘ اور ’مینڈالورین‘ کی سب سے زیادہ نامزدگیاں

September 19, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں ٹیلی ویژن پروگرامز کے لیے ممتاز ترین تصور ہونے والے اعزاز ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا اعلان اتوار کو تقریب میں کیا جائے گا۔رواں برس 73 ویں ایمی ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز میں سب سے زیادہ نامزدگیاں ’دی کراؤن‘ اور ’مینڈالورین‘ نامی سیریز نے حاصل کی ہیں۔ ان دونوں سیریز کو 24 کیٹگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کامیڈی شو ’ٹیڈ لاسو‘ کو 20 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔ایمی ایوارڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ بہترین ڈرامہ سیریز کے لیے ’دی کراؤن‘ اور اسٹار وارز کے مقبول کردار بے بی یوڈا کی کہانی پر مبنی سیریز ’دی مینڈالورین‘ میں سخت مقابلہ ہے۔اس کیٹیگری میں برجرٹن، دی بوائز، دی ہینڈ میڈز ٹیل اور لوکرافٹ کنٹری ہیں جب کہ مین اسٹریم نیٹ ورک کی واحد سیریز ’دس از یو ایس‘ بھی اس کیٹیگری میں شامل ہے۔توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال برطانوی ساکر ٹیم کے امریکی کوچ کی کہانی پر مبنی مزاحیہ شو ’ٹیڈ لاسو‘ اور برطانوی شاہی خاندان کے حالات پر مبنی سیریز ’دی کراؤن‘ سب سے زیادہ ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ 2020 میں ایمی ایوارڈ کی ورچوئل تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دنیا بھر سے فن کاروں نے آن لائن شرکت کی تھی۔رواں سال یہ ایوارڈ محدود پیمانے پر منعقد کیے جا رہے ہیں اور اس میں صرف 500 افراد ہی شریک ہو سکیں گے۔ایمی ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان اتوار 19 ستمبر کو کیا جائے گا۔منتظمین کے مطابق سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی برطانوی سیریز ’دی کراؤن‘ کے زیادہ تر فنکار لندن ہی سے آن لائن تقریب میں شریک ہوں گے۔ایمی ایوارڈز ہر سال امریکہ میں ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے نمایاں پروگرامز کو دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈز امریکہ کی اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کا آغاز 25 جنوری 1949 کو ہوا تھا۔