ارکان پارلیمنٹ کا سینئر صحافی سی آر شمسی کے انتقال پر اظہار افسوس

September 19, 2021

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ،نامہ نگار خصوصی، وقائع نگار )ارکان پارلیمنٹ نے سینئر صحافی سی آر شمسی کے انتقال پر اظہار افسوس اورتعزیت کی ہے ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےتعزیتی پیغام میں مرحوم سی آر شمسی کی صحافت کے شعبے میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ صحافت کے لئے مرحوم سی آر شمسی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم کی وفات کو صحافت کیلئے بڑا نقصان قرار دیا،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ مرحوم کی شعبہ صحافت کی ترقی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،خلاء پر نہیں ہو سکے گا،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزادی صحافت اور جمہوریت کیلئے جبکہ آمریت کی باقیات کے خلاف سی آر شمسی کی جدوجہد ناقابل فراموش تھی، وہ آزادی اظہارِ رائے کیلئے ہونے والی جدوجہد کے ایک ہیرو تھے، سی آر شمسی صحافت کا ایک ایسا تابندہ نام ہے جس کی چمک کبھی ماند نہیں پڑے گی اور آنے والی نسلیں سی آر شمسی کی جدوجہد سے سبق حاصل کرتی رہیں گی، پاکستان میں فیک نیوز کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کی اگر تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں سی آر شمسی کا نام سرفہرست ہوگا، ان کا غیرمعمولی کردار اہل صحافت کو کبھی نہیں بھول سکتا،جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ کریم اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی آر شمسی مرحوم کی صحافت کے شعبے میں خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سی آر شمسی کے انتقال کا سن کر دلی غم ہوا، ایک انتہائی نفیس انسان تھے،مرحوم کی شعبہ صحافت اور آزادی صحافت کیلئے لازوال جدو جہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،اے این پی کے سینٹر زاہد خان نے کہا کہ سی آر شمسی ایک نڈر اور بے باک صحافی تھے ،انہوں نے میڈیا ورکرز کے حقوق کی جدوجہد میں صف اول کا کردار ادا کیا،رحمان ملک نے کہا کہ سی آر شمسی ایک عظیم انسان تھے، انہوں نے صحافت کے لیے عظیم خدمات سرانجام دیں،ارکان پارلیمنٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کوجنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور انکے درجات بلند کرے، سید نیر حسین بخاری نے کہا سی آر شمسی کی صحافتی برادری کے لئے جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مرحوم نے میڈیا پر لگنے والی قدغن کی ہمیشہ شدید مخالفت اور تحریک میں سب سے آگے رہے۔