گراں فروشوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی

September 19, 2021

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی ہدایت پر مجسٹریٹ صدر زون میر یامین نے گراں فروشوں اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ ہفتہ کو سنگجانی میں مارکیٹوں کی چیک پڑتال کی گئی۔ سنگجانی میں مہنگے داموں اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجسٹریٹ صدر زون میر یامین نے دکانداروں کو 11000 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ مجسٹریٹ صدر زون میر یامین کا کہنا تھا کہ یہ دکاندار ہر دوسرے روز مقرر کردہ قیمت سے زیادہ ریٹ پر اشیائے خورد و نوش فروخت کر رہے ہیں جس پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ گرانفروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف کارروائی جاری رکھیں۔ مجسٹریٹ صدر زون میر یامین کا کہنا تھا عوامی مسائل کے حل، چیکنگ اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عوام اس سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے اور مسائل کے حل کے لئے ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔ انہوں نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے تمام کاروباری حضرات سے کہا کہ وہ غیر معیاری، ناقص اور ملاوٹ شدہ اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے سے باز رہیں۔ ریٹ لسٹیں اپنی دکانوں میں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور اس کے مطابق ہی مال فروخت کریں۔ غیر معیاری و مہنگے داموں سامان فروخت کرنے والوں‘ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے گرانفروش کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔