میوزیم آف نیچرل ہسٹری کے جونیئر افسر کو ڈائریکٹر جنرل کا چارج

September 20, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) پاکستان سائنس فائونڈیشن (پی ایس ایف) کے چیئرمین نے مبینہ طورپرقواعد و ضوابط کے برعکس پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری (پی ایم این ایچ) کے سینئر افسر کو ہٹا کر ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ کا چارج گریڈ 20کے ایک جونیئر افسر کو دیدیا ہے ،صرف یہی نہیں بلکہ نئے افسر کو فنانشل اور ایڈمنسٹریٹو اختیارات بھی دیدیئے ہیں ، پی ایس ایف ایڈمن کی طرف سے جاری لیٹر میں یہ بھی نہیں لکھا گیا کہ متعلقہ افسر کو ڈائریکٹر جنرل کا کونسا چارج دیا جا رہا ہے حالانکہ گریڈ 21کی پوسٹ کے چارج کیلئے وزیراعظم سے منظوری لینا بھی لازمی ہوتا ہے چیئرمین پاکستان سائنس فائونڈیشن ڈاکٹر شاہد بیگ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر لال شاہ کی کارکردگی اچھی نہیں تھی اسلئے اس سے ڈی جی کی پوسٹ کا چارج واپس لیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر لال شاہ جو پچھلے 6سال سے گریڈ 20میں ہیں اور پچھلے دو سال سے انکے پاس ڈائریکٹر جنرل پی ایم این ایچ کی گریڈ 21کی پوسٹ کا چارج تھا،کو صرف اس بنیاد پر اس پوسٹ سے ہٹایاگیا اور جونیئر افسر کے ماتحت کر دیا گیا کہ انہیں گریڈ اٹھارہ میں ترقی پانے والےایک افسر کی مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کے برعکس پے فکسیشن کیلئے کہا گیا تھا مگر انہوں نے اسکو ماننے سے انکار کر دیاتھا جس پر انہیں ہٹا کر حال ہی میں گریڈ بیس میں ترقی پانے والے افسر ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد محمود کو ڈائریکٹر جنرل پی ایم این ایچ کی پوسٹ کا اضافی چارج دیدیا ہے ، اس حوالے سے ڈاکٹر لال شاہ کا کہنا تھا کہ اسےاپنے ہی جونیئر افسر کے ماتحت کر کے زیادتی کی گئی ہے ،۔