کراچی میں شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اور ریسرچ سینٹر کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری

September 20, 2021

کراچی (جنگ نیوز) کراچی میں پاکستان کے تیسرے اور سب سے بڑے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اور ریسرچ سنٹر کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ یہ منصوبہ 16.4ارب روپے کی لاگت سے تین سال سے بھی کم عرصے میں مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایک میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر کام مقررہ اہداف کے مطابق جاری ہے ۔اس وقت اسپتال کے لوئر گرائونڈ، گرائونڈ فلور اور فرسٹ فلور کا اسٹرکچرل ورک مکمل ہونے والاہے۔لوئر گرائونڈ فلور میں کلینکل اور ریڈی ایشن اونکالوجی ڈپارٹمنٹ ہوں گے جس میں ریڈی ایشن مشینوں کے لیے دس بنکرز اور نیو کلئیر میڈیسن ڈپارٹمنٹ موجود ہوں گے۔ اسپتال کے گرائونڈ فلور پر ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ ، آئوٹ پیشنٹ کلینکس، ایمرجنسی اسسمنٹ یونٹ، فارمیسی اور کیفے ٹیریا ہوں گے جبکہ فرسٹ فلور پر کیمو تھراپی ، بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ ، اینڈ وسکوپی یونٹ، پتھالوجی لیب اور بلڈ بینک ہوں گے۔ ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ ستر ہزار نئے کینسر کے مریض سامنے آتے ہیں جبکہ مریضوں کی اتنی بڑی تعداد کے مقابلے میں علاج کی سہولیات انتہائی نا کافی ہیں۔