پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج آزمائشی طور پر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

September 20, 2021

اسلام آباد (حنیف خالد) پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کو ٹیسٹ اینڈ ٹرائل کی خاطر ٹریفک کیلئے اتوار 19ستمبر کو کھول دیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے گزشتہ ہفتے کی بارشوں اور آج سے محکمہ موسمیات کے مطابق شروع ہونے والی پانچ روزہ بارشوں کی بناء پر انٹر چینج ایکسیس روڈ‘ اپروچ روڈز‘ انکی سرفیسنگ اور کارپٹنگ ہر لحاظ سے مکمل کرنے کیلئے 10اکتوبر کی نئی ڈیڈ لائن دی ہے۔ اصل ڈیڈ لائن 30ستمبر کی ہی ہے لیکن قدرت کی طرف سے بارشوں کا جو سلسلہ آج شروع ہونے کا امکان ہے‘ موسمیاتی پیشینگوئی کے مطابق جمعہ ہفتہ تک جاری رہے گا۔ بارش کے اس طویل سلسلے کی وجہ سے کھدائی کی گئی کئی مربع کلومیٹر اراضی SLUSH(کیچڑ دلدل) بن جائیگی جسے سوکھنے کیلئے کم از کم چار روز درکار ہونگے اسلئے انٹرچینج کی تکمیل کی ڈیڈ لائن کیلئے کنٹریکٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کو مزید ایک ہفتہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتوار کو پنجاب‘ آزاد کشمیر سے راولپنڈی اسلام آباد اور جی ٹی روڈ سے پشاور ہزارہ جانے والی شاہراہ کی تمام ٹریفک اسلام آباد ایکسپریس وے سے سگنل فری گزر رہی ہے۔