ملتان:انسداد منشیات مہم ختم،اشتہاری ملزمان کی گرفتاری مہم شروع

September 20, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان ریجن میں سات روزہ انسداد منشیات مہم اختتام پذیر ہو گئی ملتان ریجن کے اضلاع ملتان،وہاڑی،خانیوال اور لودھراں میں پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں انسداد منشیات مہم کے اختتام پر ملتان ریجن کے افسران کو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا یہ مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ سات روزہ انسداد منشیات مہم کے دوران 621 کلوگرام چرس،410 گرام ہیروئن،17 کلو گرام بھنگ،15 چالو بھٹیاں شراب،1280 لیٹر لاہن، 4873 لیٹر شراب برآمد کی گئی منشیات فروشوں کے خلاف ملتان ریجن میں زیر دفعہ 9 سی 72 مقدمات درج کئے گئے ہیں انہوں نے کہا انسداد منشیات مہم کے اختتام کے باوجود منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے کہا کہ انسداد منشیات مہم کے اختتام پر شروع کی گئی اشتہاریوں کی گرفتاری مہم میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 170 اشتہاری ملزمان اور 106 عدالتی مفرور گرفتار کئے گئے ہیں اور تمام پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 ستمبر تک جاری مہم کے دوران تمام اشتہاریوں اور عدالتی مفروروں کو جلد از جلد گرفتار کریں۔