عالمی طاقتوں سے جوہری مذاکرات کچھ ہفتوں میں دوبارہ شروع ہونگے، ایران

September 21, 2021

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں سے جوہری مذاکرات کچھ ہفتوں میں دوبارہ شروع ہوں گے۔ تہران سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمانسعید خطیب زادہ کے مطابق ہر ملاقات کے لیے ہم آہنگی اور ایجنڈے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ویانا جوہری مذاکرات بہت جلد دوبارہ شروع ہوں گے۔ دوسری جانب خبر ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے پر ازسرنو گفتگو کے 6 ادوار ہوچکے ہیں۔ ایران میں نئی حکومت کے قیام کی وجہ سے مذاکرات کا عمل جون میں روک دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے سے امریکا 2018 میں یکطرفہ طور پر دستبردار ہوگیا تھا، امریکا کو معاہدے میں واپس لانے کے لیے ویانا مذاکرات میں ایران اور امریکا کے درمیان بلاواسطہ مذاکرات کا عمل شروع کیا گیا ہے۔