حکومت مجوزہ پی ایم ڈی اے مسودہ قانون ختم کرنے کا اعلان کرے، لیاقت بلوچ

September 22, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہےکہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں۔سرمایہ کاروں کا سرمایہ ڈوب رہا ہے، تاجر برادری کے وفد سے ملاقات میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اقتصادی محاذ پر مکمل ناکام ہے لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے ساتھ نشست میں کہا کہ جماعتِ اسلامی آزادی صحافت اور ذمہ دار صحافت کے اصولوں پر قائم ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ قانون کو میڈیا مالکان، صحافتی برادری اور میڈیا ورکرز نے مسترد کردیا ہے۔ تحریکِ انصاف کی حکومت مسلسل اپنا امیج عوام دشمن، میڈیا دشمن اور غریب دشمن بنارہی ہے۔ قومی سلامتی، جمہوریت، پارلیمانی استحکام کے لئے آزاد میڈیا اور آئین کے دائروں میں اظہار رائے کی آزادی کا ہونا بہت ضروری ہے۔