ظلم پر خاموش رہنے والا ظالم، یہی واقعہ کربلا کی روح ہے، ڈاکٹر عراقی

September 22, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ واقعہ کربلا کی روح یہ ہے کہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پر خاموش ہے۔ حسینیت ایک فکر ایک وژن کا نام ہے،حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی بقاء اور احیا ء کے لئے اپنی جان نثار کرکے ایثار وقربانی کی ایک عظیم تاریخ کربلا کے میدان میں رقم کی۔واقعہ کربلا ہمیں دین کی سربلندی اور مقاصد کے حصول کے لئے ایثاروقربانی کا درس دیتا ہے،نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؓ کی زندگی امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے آئی ایس او اور جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام ”یوم حسینؓ “ بعنوان: حضرت امام حسینؓ محور اتحاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا حافظ حید رنقوی نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں پھیلی ہوئی کرپشن اور اس ملک کے نظام کی تباہی کی وجہ سے ہمارے باصلاحیت نوجوان اذہان بیرون ممالک جانے کو ترجیح دیتے ہیں ان تمام مسائل کے حل اور عدل وانصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام کو متحد ہوکر آواز اُٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی شخصیت کو پہچاننے کے لئے اس دنیا کی سب سے بہترین کتاب قرآن مجید ہے کیونکہ قرآن مجید میں جو کچھ بیان کیا گیاہے امام حسین ؓ اپنے وجود پر بھی اور اپنے زمانے میں اپنے معاشرے پر ان ہی چیزوں کو نافذ دیکھنا چاہتے تھے۔ ممبراسلامی نظریاتی کونسل اورکلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی کے استاد مفتی ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے کہا کہ ہمیں اپنے صفوں میں شیرازے کو باندھنے اور اپنی صفوں کو متحد کرنے کی ضرورت ہے اور بالخصوص ایسے وقت میں کہ جہاں امت مسلمہ ہر آنے والے دوسرے دن کسی انتشار کے دہانے پر کھڑی ہوجاتی ہو۔