دنیا: کورونا وائرس سے اموات 47 لاکھ ہو گئیں

September 22, 2021

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء کی چوتھی لہر سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 23 کروڑ 3 لاکھ 78 ہزار 62 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 47 لاکھ 24 ہزار 111 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 85 لاکھ 38 ہزار 651 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 98 ہزار 287 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 20 کروڑ 71 لاکھ 15 ہزار 300 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 96 ہزار 867 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 32 لاکھ 42 ہزار 302 ہو چکی ہے۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 45 ہزار 801 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 35 لاکھ 31 ہزار 498 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 91 ہزار 518 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 12 لاکھ 47 ہزار 94 ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 455 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 74 لاکھ 96 ہزار 543 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 2 لاکھ 625 ہو گئیں، اس کے مریضوں کی تعداد 73 لاکھ 33 ہزار 557 ہو چکی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 1 لاکھ 16 ہزار 251 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کُل کیسز 69 لاکھ 64 ہزار 699 رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 62 ہزار 65 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 69 لاکھ 4 ہزار 285 ہو چکے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 1 لاکھ 17 ہزار 905 ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 54 لاکھ 59 ہزار 796 ہو گئے۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 1 لاکھ 14 ہزار 579 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 52 لاکھ 43 ہزار 231 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

کولمبیا اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا وائرس 1 لاکھ 25 ہزار 962 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے 49 لاکھ 43 ہزار 622 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 51 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 672 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 681 تک جا پہنچی ہے۔

1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 109 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 95 ہزار 851 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد کافی عرصے سے 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں کمی آنے لگی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 31 ویں نمبر پر آ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 333 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 47 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 261 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 56 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 374 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 30 ہزار 238 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 61 ہزار 947 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 641 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 40 ہزار 917 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 51 ہزار 139 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 90 لاکھ 1 ہزار 178 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 لاکھ 7 ہزار 310 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 7 کروڑ 48 لاکھ 37 ہزار 117 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 48 لاکھ 68 ہزار 18 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔