شادی پر بن بلائے پہنچنے کا معاملہ، یاسر نے نوشین شاہ کو ثبوت سامنے لانے کی دھمکی دے دی

September 22, 2021

کامیڈین اداکار یاسر حسین کے اپنی شادی پر نوشین شاہ کے بِن بلائے پہنچنے کا معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیربحث ہے، اب اداکار نے نوشین شاہ کو ثبوت سامنے لانے کی دھمکی بھی دے دی۔

اداکار یاسر حسین نے حال ہی میں نوشین شاہ کے ایک انٹرویو پر اسی واقعے پر دیے گئے بیان پر ردعمل میں کچھ اسٹوریز شیئر کی ہیں۔

کامیڈین اداکار نے لکھا کہ ’2019 میں میری شادی ہوئی، اب 2021 چل رہا ہے، اس وقت بھی اس عورت نے خود کو زبردستی بلوایا تھا، شادی پر سب مہمانوں کو تنگ کیا، میری فیملی کو پریشان کیا۔‘

یاسر نے یہ بھی کہا کہ آج دو سال بعد بھی یہ اسی چیز کو کیش کررہی ہے، آخر چاہتی کیا ہو؟

ایک اور اسٹوری میں یاسر حسین نے کہا کہ ’مِس شاہ اس بار میں ثبوت ہی لے آؤں گا سوشل میڈیا پر کہ کیسے آپ میری جان کا بخار بن گئی تھیں۔‘

یاسر نے یہ بھی لکھا کہ ’مہندی کے دن نوشین شاہ انہیں ہی اُن کی مہندی کی تصویریں بھیج رہی تھیں۔‘

واضح رہے کہ اداکار یاسر حسین نے کچھ عرصہ قبل ایک شو میں شرکت کی تھی، جہاں یاسر حسین نے انکشاف کیا تھا کہ اُن کی شادی پر مہمانوں کی فہرست 170 افراد پر مشتمل تھی لیکن 200 سے زائد مہمان آگئے، جس کی وجہ ان کی شادی کا دعوت نامہ تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کچھ مہمان ایسے بھی تھے جوکہ دعوت نامے کے بغیر زبردستی آئے تھے ،جن میں سے ایک ’نوشین شاہ‘ تھیں اور ان کے علاوہ بھی کچھ دیگر فنکار بھی تھے جو کہ مقبول نہیں ہیں۔

دوسری جانب اداکارہ نوشین شاہ نے کہا تھا کہ مجھے یاسر پر افسوس ہے کیونکہ یقینی طور پر یاسر کے ساتھ کچھ شدید ذہنی مسائل ہیں اور مجھے اقرا پر بھی افسوس ہے کہ وہ اس کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ یاسر کی بات سے مایوس ہوئی، توقع کرتی ہوں کہ وہ معافی مانگیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ کیا کوئی کسی کے گھر بن بلائے جا سکتا ہے؟ میں کسی کے گھر بھی نہیں جاتی، اگر مجھے نہ بلایا جائے تو شادی میں کیسے جاتی؟ بے وقوف کو اپنی تقریر سے اور دانش مند کو اپنی خاموشی سے پہچانا جاتا ہے، یاسر نے مجھے خود فون کیا اور شادی پر مدعو کیا تھا۔