بگ باس کے بعد، مجھے انزائٹی اٹیک ہوئے تھے: پارس چھابڑا

September 22, 2021

بھارت کے مقبول رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے کنٹسٹنٹ پارس چھابڑا نے انکشاف کیا ہے کہ شو سے باہر آنے کے بعد اُنہیں انزائٹی اٹیک ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ باس کے سابق کنٹسٹنٹ پارس چھابڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اُن کے جگر میں انفیکشن ہوگیا تھا جس کی وجہ سے اُن کا وزن کافی بڑھ گیا تھا۔

پارس چھابڑا نے کہا کہ جب وہ بگ باس کے سیزن 13 کے گھر سے باہر آئے تو وہ احساس کمتری اور ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے، اُنہیں انزائٹی اٹیک بھی ہوئے جس کے بعد اُنہوں نے ذہنی سکون کے لیے گولیاں کھانا شروع کیں۔

دریں اثناء، پارس اپنے بڑھتے وزن کی وجہ سے شرمندہ نہیں ہیں اور وہ مختلف وزرش اور جِم کرکے اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ بگ باس سیزن 13 میں پارس چھابڑا اور عاصم ریاض کی کافی ان بن رہتی تھی، دونوں کے درمیان شروع ہونے والا جھگڑا کافی عرصے تک جاری رہا۔

تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ عاصم ریاض اور پارس چھابڑا کا جھگڑا ختم ہوگیا ہے اور دونوں کی صلح ہوگئی ہے۔