افغانستان: جلال آباد میں دھماکوں اور حملے میں 5 افراد ہلاک، 3 زخمی

September 22, 2021

افغانستان کے شہر جلال آباد میں آج 5 سیکیورٹی واقعات میں پانچ افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

ننگر ہار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ کے مطابق دھماکوں اور حملے میں ہلاک و زخمی ہونے والے تمام شہری ہیں۔ حملے میں طالبان فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق جلال آباد میں آج چار دھماکے اور مسلح افراد کا ایک حملہ ہوا۔ جس میں 5 افراد کی جانیں گئیں۔

شہر کے مختلف حصوں میں ہونے والے چار دھماکوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

ادھر سرحدی فورسز کے اڈے کے قریب مسلح افراد کے حملے میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔ تاہم کسی گروپ نے ابھی دھماکوں اور حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔