برٹنی سپیئرز کے منگیتر حسام اصغری کا تعلق ایران سے ہے

September 23, 2021

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر اپنے بوائے فرینڈ حسام اصغری سے منگنی کا اعلان ایک ویڈیو شیئر کرکے کیا، جس میں وہ منگنی کی انگوٹھی دکھا رہی ہیں۔ اب تک اس ویڈیو کو لاکھوں صارفین پسندکر چکے ہیں۔برٹنی سپیئرز اور سام اصغری کی ملاقات پہلی بار 2016میں ایک میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ بظاہر یہ پہلی نظر میں ہو جانے والی محبت تھی کیونکہ اس کے بعد سے دونوں ایک ساتھ ہیں۔ ایک امریکی میگزین کے مطابق سام اصغری ایرانی شہر تہران میں 1994 میں پیدا ہوئے تھے۔ جب وہ دو سال کے تھے تو ان کے والد امریکہ چلے گئے اور وہاں ٹرک ڈرائیور کی نوکری کرنے لگے۔سام 2006 میں امریکہ منتقل ہوئے تو ان کی عمر 12 برس تھی جب کہ ان کی والدہ اور تین بہنیں تہران ہی میں رہیں۔ ایک اسٹور پر نوکری کےدوران انہیں فٹنس ٹریننگ کا شوق ہوا اور انہوں نے کریمینل جسٹس چھوڑ کر فٹنس پڑھنا شروع کر دی۔انہیں جِم میں فٹنس ٹریننگ کا اس قدر شوق تھا کہ وہ بعض اوقات ورزش کرتے کرتے بےہوش ہو جایا کرتے تھے، کیوں کہ بقول ان کے، ان کی ڈائٹ ٹھیک نہیں تھی۔جب ان کی بہن امریکہ آئیں تو انہوں نے اپنے بھائی کی جسمانی فزیک دیکھ کر انہیں ماڈلنگ کا مشورہ دیا۔اس وقت سام کی عمر 21 سال تھی جب انہوں نے پام سپرنگ شہر میں ایک شو میں حصہ لیا، جو بےحد کامیاب رہا۔ اس کے بعد انہیں اشتہاروں میں ماڈلنگ کا موقع ملتا رہا، جس میں ٹویوٹا پریئس کا اشتہار بھی شامل ہے۔اس وقت برٹنی سپیئرز ایک میوزک ویڈیو بنا رہی تھیں، جس میں سام کو ماڈلنگ کرنا تھی۔ سام نے ’مینز ہیلتھ‘ کو بتایا کہ میں بہت پرجوش تھا کہ مجھے بہت بڑی آرٹسٹ سے ملنے کا موقع حاصل ہو رہا تھا۔‘ وہ کہتے ہیں کہ جب برٹنی نے کہا کہ ’میں برٹنی ہوں،‘ تو میں نے بطورِ مذاق کہا کہ’معذرت، آپ کا نام کیا ہے؟‘اس کے بعد دونوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جو پانچ برس بعد منگنی پر منتج ہوا۔