دکھ ہوا میڈیا میری صحت کے حوالے سے جھوٹی خبریں دے رہا ہے، بپی لہری

September 23, 2021

ممبئی (این این آئی)بھارتی موسیقار و گلوکار بپی لہری نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کردی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ کچھ روز سے انٹرنیٹ پر افواہیں گردش کررہی تھیں کہ بپی لہری بیمار ہیں جبکہ کچھ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی آواز چلی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ مستقبل میں گلوکاری نہیں کرسکیں گے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں بپی لہری نے افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ وہ اس صورتحال سے مایوس ہوئے۔انہوں نے اپنے بیان میں لکھا کہ یہ جان کر دکھ ہوا کہ کچھ میڈیا ادارے مجھ سے اور میری صحت سے متعلق جھوٹی رپورٹس دے رہے ہیں۔بپی لہری نے کہا کہ اپنے مداحوں کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ میں بالکل ٹھیک ہوں۔انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں جھوٹی رپورٹنگ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔خیال رہے کہ بپی لہری کو رواں برس اپریل میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ممبئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور بعد ازاں وہ صحتیاب ہوگئے تھے۔گلوکار بپی لہری 1970 سے لے کر 80 کی دہائی میں بولی وڈ کی کئی فلموں میں مقبول گانوں کے باعث جانے جاتے ہیں جن میں ʼʼچلتے چلتےʼʼ، ʼʼڈسکو ڈانسرʼʼ اورʼʼشرابیʼʼ شامل ہیں۔بولی وڈ کیلئے انہوں نے آخری گانا ʼʼبھنکاسʼʼ2020کی فلم ʼʼباغی تھریʼʼ کے لیے تیار کیا تھا۔