شوگر ملز ایسوسی ایشن کا ریٹ کم کرنے کے بجائے اپیلٹ فورم سے رجوع

September 23, 2021

اسلام آباد (حنیف خالد) وفاقی حکومت نے شوگر ملز مالکان کے مطالبے پر چینی کے ایکس ملز ریٹ میں 25پیسے کلو اضافے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے ہنگامی اجلاس میں بدھ کو حکومت کی طرف سے چینی کے ایکس ملز ریٹ 89روپے 25پیسے فی کلوکرنے کے اعلان کیخلاف اپیلٹ فورم میں جو پٹیشن دائر کی جا رہی ہے اور اسے ایسوسی ایشن اوراسکے سینئر ممبران نے قانونی ماہرین کے مشورے سے تیار کیا ہے‘ اس میں کہا گیا ہے کہ ہفتوں تک حکومت اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے‘ کئی ہفتے پہلے شوگر ملوں نے ایکس ملز ریٹ سو روپے کلو کے لگ بھگ کر دیئے تھے اور اسی حساب سے ڈیلروں‘ بروکروں کو چینی سپلائی ہو رہی ہے۔ گلی محلوں میں غریب لوگوں کو آج بھی چینی ایک سو چھ سے ایک سو پندرہ روپے کلو میں دی جا رہی ہے۔ حکومت نے ہر ملز سے الگ الگ چینی کی پیداواری لاگت کے تمام جزو تحریری طور پر منگوائے اور اپنے بیورو کریٹس کے ذریعے ہر ملز کے اعدادو شمار اور آڈٹ شدہ حسابات کی پڑتال کی‘ مگر چینی کے ایکس ملز ریٹ صرف 25پیسے فی کلو بڑھا کر حاتم طائی کی قبر پر لات دے ماری۔ شوگر ڈیلر اور بروکرز کے مطابق شوگر ملوں نے لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر رمضان المبارک میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 80روپے کلو کر دیئے کیونکہ جج صاحب نے ایسوسی ایشن سے کہا تھا کہ رمضان المبارک میں غریب لوگ شربت کیلئے چینی استعمال کرتے ہیں۔