سچل تھانے کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر ہارون کورائی پراسرار طور پر لاپتہ

September 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سچل تھانے کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر ہارون کورائی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ۔اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سادہ لباس افراد انھیں اپنے ہمراہ لے گئے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ منگل کی شب تقریباً 9 بجے پیش آیا لیکن اہل خانہ نے پولیس کو رات گئے تقریباً ڈھائی بجے مطلع کیا ، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ، واضح رہے کہ ہارون کورائی کو حال ہی میں معطل کیا گیا تھا جبکہ ان کے خلاف کئی تحقیقات بھی جاری تھیں اور وہ انتہائی متنازع کردار کے حامل ہیں،اور سندھ پولیس کے بااثر افسران میں شمار ہونے والے انتہائی متنازع کردار کے حامل سچل تھانے کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر ہارون کورائی سچل کے علاقے میں ہی واقع سعدی ٹاؤن کے رہائشی ہیں ، ان کے بیٹے عامر نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ گاڑیاں پولیس موبائلوں کے ہمراہ آئیں جن میں سادہ لباس افراد سوار تھے جوان کےوالد ہارون کورائی کو اپنے ہمراہ لے گئے،اس حوالے سے موجودہ ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگ زیب خٹک کا کہناہےکہ اہل خانہ کے بیان کے مطابق منگل کی شب تقریباً 9بجے سےساڑھے نو بجے کے درمیان ہارون کورائی کو ان کے گھر سے سادہ لباس افراد لے گئے ،لیکن اہل خانہ نے پولیس کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے مطلع کیا،ان کے بیٹے عامر نے پولیس مددگار ہیلپ لائن15 پر ٹیلی فون کال کی اور بتایا کہ ان کے والد کو نامعلوم افراد لے گئے ، 15 کی اطلاع پر ایس ایچ او اور دیگر پولیس افسران نے ان کے گھر آئے اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔