کراچی سے حراست میں لیے گئے سینئر صحافی وارث رضا اپنے گھر پہنچ گئے

September 23, 2021

کراچی(ٹی وی رپورٹ)کراچی میں رات گئے حراست میں لیےگئے سینئر صحافی وارث رضا گلشن اقبال میں اپنےگھر پہنچ گئے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے) کے جنرل سیکرٹری سےگفتگو کرتے ہوئے وارث رضا نے بتایا کہ وہ گھر پہنچ گئے ہیں اور خیریت سے ہیں۔ وارث رضا کے مطابق انہیں لے جانے والوں نے ان سے صحافتی ذمہ داریوں کا پوچھا اور ان کے کالم سے متعلق پوچھتے رہے۔ خیال رہے کہ سینئر صحافی کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ وارث رضا کو رات گئے یونیفارم میں ملبوس افراد اپنے ساتھ لے گئے، وارث رضا کو لے جانے والے افراد نےکہاتھا کہ تھوڑی دیر میں چھوڑ دیا جائے گا۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی وارث رضا کے پراسرار طورپر لاپتہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل غیر جانبدارانہ کمیشن سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کی قیادت نے اس معاملہ پر آج شام ساڑھے5بجے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔