متحدہ عرب امارات، عوامی مقامات پر فیس ماسک کی پابندی میں نرمی

September 23, 2021

ابوظبی (جنگ نیوز )متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بعض عوامی جگہوں پر فیس ماسک پہننے سے متعلق ضابطوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی 6ارب خوراکیں لگائی جاچکی ہیں اور ان میں امارات آگے ہے،عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت نے بدھ کو اعلان کیا کہ اب باہر ورزش کرنے اور ساحل پر بیٹھنے کیلئے فیس ماسک کا استعمال لازمی نہیں ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق ’اگر کوئی شہری پرائیویٹ کار میں اکیلا یا اپنے گھر کے افراد کے ساتھ سفر کر رہا ہے تو ان کے لیے بھی چہرے پر ماسک لگانا لازمی نہیں ہے۔ اِن ڈور مقامات جیسا کہ ہیئرسلونز وغیرہ میں بھی ماسک لگانا لازم نہیں ہے۔دریں اثنا اے ایف پی کی جانب سے اکٹھے کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین کے بعد انڈیا اور امریکہ میں سب سے زیادہ افراد کو ویکسین کے انجیکشن لگ چکے ہیں۔دس لاکھ سے زیادہ کی آبادی والے ممالک میں سے متحدہ عرب امارات اپنے شہریوں کو ویکیسن لگانے میں سب سے آگے ہے۔ متحدہ عرب امارات کی 81فیصد کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں۔