چین پاکستان میں 4نئے نیوکلیئر پلانٹس لگائے گا، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

September 23, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری تعاون کے حوالے سے ایک نیا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت چین پاکستان کو جوہری ٹیکنالوجی، یورینیم کی کان کنی اور اس کی پروسیسنگ کی ٹیکنالوجی فراہم کرے گا اور ساتھ ہی جوہری فیول سپلائی کریگا، نئے ریسرچ ری ایکٹرز تعمیر کرے گا۔

کراچی (کے فور اور کے فائیو) اور مظفر گڑھ (ایم ون اور ایم ٹو) کی تعمیر کے علاوہ چار نئے پلانٹس پاکستان میں تعمیر کیے جائیں گے۔

غیر مصدقہ رپورٹس کی بنیاد پر اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا کہ معاہدے کا نام ’’دی فریم ورک ایگریمنٹ آن ڈیپننگ نیوکلیئر انرجی کو آپریشن‘‘ ہے اور اس پر پاکستان ایٹامک انرجی کمیشن اور چین کے ژون گویان انجینئرنگ کو آپریشن نے 8؍ ستمبر 2021ء کو دستخط کیے تھے۔

معاہدے کو حتمی شکل 20؍ اگست 2021ء کو ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دی گئی۔

ورچوئل موڈ (آن لائن) میں ہونے والے اس اجلاس میں طے پانے والا معاہدہ 10؍ سالہ ہے جس میں چین پاکستان کو جوہری ٹیکنالوجی منتقل کرے گا۔