آلِ شریف کے دھوکے، فراڈ کا تذکرہ ہر طرف ہے: فیاض چوہان

September 23, 2021

پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آلِ شریف کے دھوکے اور فراڈ کا تذکرہ ہر طرف ہو رہا ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کے جعلی شناختی کارڈ کا ایشو سامنے آیا ہے، کوئی ان کی ویکسینیشن کا اندراج کرا کے چلا گیا۔

فیاض چوہان نے کہا کہ جس نے یہ کرایا اس نے سوچا ہو گا اپنے سے بڑے گرو کا شناختی کارڈ استعمال کروں، جس نے یہ کیا اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 18-2017ء ان کا آخری سال تھا، ہونا یہ چاہیئے تھا کہ آخری سال یہ کنٹرول کرتے اور اپنی پرفارمنس بہتر بناتے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ 18-2017ء میں پوری دنیا میں ان پر لعن طعن کی جا رہی تھی، میں سو فیصد درست ڈیٹا آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جعلی اندراج کرنے والے کو سزا ملے گی، الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ رولز بنانا، قانون بنانا نہیں، قانون بنانے کا کام پارلیمنٹ کا ہوتا ہے، الیکشن کمیشن بھی اپنے دائرہ اختیار میں رہے۔