نواز شریف کی ویکسین کا غلط اندراج، 2 انٹری آپریٹر معطل

September 23, 2021

لاہور میں نواز شریف کی کورونا ویکسینیشن کی جعلی انٹری کرنے پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے نوٹس لیتے ہوئے غلط اندراج پر 2 انٹری آپریٹرز کو معطل کر دیا، تحقیقات کے لیے 3 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔

سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق تحقیقات کے لیے قائم کی گئی کمیٹی 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

اس سے قبل ایم ایس کوٹ خواجہ سعید اسپتال نے اس معاملے پر پولیس کو درخواست جمع کرا دی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیٹر نوید الطاف کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسین کی جعلی انٹری اس وقت سامنے آئی جب نواز شریف کے نام پر دوسری ڈوز کا میسیج جاری ہوا۔

ریکارڈ کے مطابق نواز شریف کے اصل شناختی کارڈ نمبر پر کورونا ویکسین سائنو ویک کی پہلی ڈوز کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں لگانے کی انٹری کی گئی تھی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ صحت سے 48 گھنٹے میں واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔