پشاور ایئر پورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کا انکشاف

September 23, 2021

صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جعلی کورونا وائرس رپورٹ تیار کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے نجی لیبارٹری کے انچارج سمیت 6 افراد کو پکڑ کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران مسافر سے 2 کورونا رپورٹس برآمد ہوئیں۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مسافر شیر غنی کے پاس کورونا وائرس کی پازیٹیو اور نیگیٹو دونوں رپورٹس موجود تھیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسافر نے کورونا وائرس کی جعلی رپورٹ پشاور ایئر پورٹ پر واقع نجی لیبارٹری سے لیں۔

ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کر دیا اور گرفتار ملزمان سے تحقیقات شروع کر دیں۔