بھارتی نوجوانوں میں جوئے کی لت، ریاست کرناٹک میں آن لائن گیمز پر پابندی کی تجویز

September 25, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں نوجوانوں کی بڑی تعداد جوئے کی عادی ہونے لگی، بھارتی ریاست کرناٹک میں آن لائن ویڈیو گیمز پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے، ان گیمز پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے جن پر جوا اور شرطیں لگائی جاتی ہیں۔ کرناٹک تیلنگانہ، تامل ناڈو اور آندھرا پردیش کے بعد اس طرح کے آن لائن گیمز اور کیش پرائز دینے والے آن لائن گیمز پر پابندی لگانے والی چوتھی ریاست ہوگی۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق کرناٹک حکومت نے کرناٹک پولیس ایکٹ میں ترمیم کے لئے ایک بل پیش کیا ہے جس میں آن لائن گیمز یا ایسی کسی بھی سرگرمی پر پابندی کی سفارش کی گئی جس میں رقم ڈوبنے کا خطرہ ہو۔ بھارت میں پہلے سے موجود قانون کے تحت جوئے جیسے جرائم پر قید اور جرمانے کی سزائیں موجود ہیں تاہم موجودہ بل میں جرمانے بڑھانے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ بل اس لئے بھی لازمی ہے کیوں کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوان بالخصوص آن لائن گیمز میں مشغول رہنے والے جوا کھیلنے کے عادی بنتے جارہے ہیں۔ کرناٹک دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا گھر اور بھارتی ٹیکنالوجی کا دارالحکومت کہلاتا ہے۔