پریانکا چوپڑا اداکارہ ژالے سرحدی کی مشابہہ قرار

September 25, 2021

پاکستانی اداکارہ و ماڈل ژالے سرحدی نے پریانکا چوپڑا سے مشابہہ قرار دیے جانے پر کہا کہ عین ممکن ہے کہ پریانکا اُن کی دور کی رشتہ دار ہو۔

معروف اداکارہ نے وقت گزاری کیلئے انسٹاگرام پر مداحوں سے سوال و جواب کا سیشن رکھا جس میں اداکارہ نے صارفین کے سوالوں کے دلچسپ جواب دیے۔

اسی سیشن میں ایک صارف نے لکھا کہ آپ پریانکا کی ہمشکل لگتی ہیں۔

جواب میں اداکارہ نے لکھا کہ ان سے یہی بات پہلے بھی کئی لوگ ہزار بار کر چکے ہیں ۔

انہوں نے اپنے جواب میں ازراہِ مذاق یہ بھی لکھا کہ عین ممکن ہے کہ پریانکا چوپڑا میری دور کی رشتے دار ہو۔

ژالے سرحدی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا ڈپلیکیٹ کردار ادا کرچکی ہیں۔

ایک انٹرویو میں ژالے کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس زمانے میں کام شروع کیا جب پاکستان میں ہندوستانی چینلز پر پابندی لگائی گئی تھی اور اسی عرصے میں پریانکامس ورلڈ بنی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ ایک شو کر رہی تھیں، لوگ سمجھے کہ وہ پریانکا ہیں اور ان دنوں ژالے ایک بھارتی اداکار کے ساتھ کام کر رہی تھیں، جس نے ان کی تصاویر اپنے دوستوں اور ایجنٹ کو بھیج دیں، جس کے بعد ہندوستان سے رابطہ کیا گیا کہ وہ پریانکا کا ڈپلیکیٹ کردار ادا کریں۔

11جون 1981ءکو پیدا ہونے والی ژالے سرحدی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ اداکار خیام سرحدی کی بھتیجی ہیں۔ وہ کراچی یونیورسٹی کے شعبۂ وژوئل آرٹس کے پہلے بَیچ سے پاس آؤٹ ہونے والے گریجویٹس میں سے ایک ہیں۔

ژالے کو شوبز میں ان کے فیملی فرینڈ ساجد حسن نے متعارف کروایا جنہوں نے ژالے کو ایک سٹکام ’پنٹرز‘ میں چھوٹا سا رول دیا،اس کے بعد ژالے نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

انہوں نے 2012ء میں عامر انیس سے شادی کی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔