فوجی دستہ ایمبولینس چلانے کیلئے اسکاٹ لینڈ پہنچ گیا

September 26, 2021

لندن (پی اے) فوجی دستہ ایمبولینس چلانے کے لئے اسکاٹ لینڈ پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق این ایچ ایس پر دباؤ کم کرنے کے لئے سپاہی اس ہفتے کے آخر میں اسکاٹ لینڈ کے کچھ حصوں میں ایمبولینس چلانا شروع کردیں گے۔ وزیر صحت حمزہ یوسف نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ دیگر اقدامات کے ساتھ انتظار کے اوقات میں’’نمایاں بہتری‘‘ آئے گی۔ وزارت دفاع نے کہا کہ وہ اتوار سے 114 اہلکاروں کو غیر ہنگامی ڈرائیونگ کے کام کے لئے فراہم کر رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ کام دو ماہ تک جاری رہے گا۔ اضافی 111 اہلکار موبائل کوویڈ ٹیسٹنگ یونٹس چلانے میں مدد کریں گے۔ فوجی مدد کا اعلان اسکاٹ لینڈ کی حکومت کی درخواست کے بعد کیا گیا۔ یہ صورت حال حالیہ ہفتوں میں صحت کے پیشہ ور افراد اور اپوزیشن سیاستدانوں کی طرف سے اسکاٹش ایمبولینس سروس کے اندر ایک بحران کے انتباہ کے درمیان سامنے آئی، کچھ مریضوں کی مدد کیلئے آنے میں انتہائی طویل انتظار کا سامنا کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ مزید ڈرائیور بھی فائر سروس، برٹش ریڈ کراس اور ٹیکسی فرمس میں فراہم کئے جائیں گے۔ہیملٹن، ساؤتھ لنارکشائر میں ایک تربیتی مرکز کے دورے کے دوران مسٹر یوسف نے فوج کا شکریہ ادا کیا اور خبردار کیا کہ ہیلتھ سروس کو اب تک کی سخت ترین سردی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد اقدامات کا اعلان کیا، جس میں فوجی مدد کی درخواست شامل تھیلیکن اس پورے پیکیج کے ساتھمیں توقع کروں گا کہ اس میں نمایاں بہتری آئے گی۔ میں لوگوں کے ساتھ بھی پیش پیش رہوں گا، یہ سب سے مشکل موسم سرما ہوگا جس کا میرے خیال میں این ایچ ایس نے شاید ہی کبھی سامنا کیا ہے۔ سکاٹ لینڈ میں ڈپٹی جوائنٹ ملٹری کمانڈر کرنل انتھونی فلپس نے کہا کہ ایمبولینس سروس کے ساتھ کام کرنے والے ان کے دو تہائی فوجی گلاسگو کے علاقے میں ہوں گے، باقی ایڈنبرا میں خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ افسران اور ملٹری پلانرز کو بھی اسکاٹش ایمبولینس سروس کے علاقائی مراکز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 7 رجمنٹ رائل لاجسٹک کارپوریشن کے 68 سکواڈرن سے تعلق رکھنے والے سپاہیوں کا یہ گروپ انگلینڈ کے مشرق اور انگلینڈ کے شمال مشرق میں پہلے سے یہ کام کر رہا ہے۔ اس گروپ کو اس وبا کا ایک اچھا تجربہ ہے جو اسکاٹش ایمبولینس سروس کی مدد کرنے جا رہے ہیں۔ کرنل فلپس نے کہا کہ انہوں نے نومبر کے اختتام تکدو ماہ تک سروس کی مدد کرنے کا ارادہ کیا ہےلیکن حالات کے لحاظ سے یہ تبدیل ہوسکتا ہے۔ این ایچ ایس کے بہت سے دوسرے حصے بھی شدید دباؤ میں ہیں اور جمعہ کو بستروں اور عملے پر دباؤ کی وجہ سے رائل آبرڈین چلڈرن ہسپتال میں غیر ضروری آپریشن اور طریقہ کار ملتوی کر دیا گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں تقریباً 1500 افراد ہسپتال میں ہیں، جنہیں وہاں رہنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن مناسب سماجی دیکھ بھال کا پیکیج نہ ہونے کی وجہ سے وہ واپس نہیں جا سکتے۔