اکثر انٹرویوز میں جھوٹ بول دیتی ہوں: ماہرہ خان کا انکشاف

September 26, 2021

پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے والی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اکثر انٹرویوز کے دوران جھوٹ بول دیتی ہیں۔

گزشتہ دنوں ماہرہ خان اور فواد خان کے ڈرامے ’ہمسفر’ کے 10 سال مکمل ہونے پر ماہرہ نے ٹوئٹر پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا۔

اسی سیشن کے دوران ایک صارف نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ ’کوئی بھی چیز جو آپ سب سے زیادہ ناپسند کرتے ہیں لیکن پھر بھی کرتی ہیں؟‘

صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ ’میں جھوٹ بولنا پسند نہیں کرتی لیکن بعض اوقات، میں انٹرویوز میں جھوٹ بول دیتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ 10 سال قبل 2011 میں ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

یہ ڈرامہ فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی تھا جبکہ اِس ڈرامے کے ہدایت کار سرمد کھوسٹ تھے اور اِس ڈرامے کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گِرد گھومتی ہے۔

’ہمسفر‘ کے نمایاں کرداروں میں ماہرہ خان، فواد افضل خان، عتیقہ اوڈھو، نوین وقار، نور حسن، سارہ کشف، بہروز سبزواری اور حنا خواجہ بیات شامل تھے۔