نیشنل ٹی20، سدرن پنجاب کیلئے ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک، بلوچستان کی پہلی فتح

September 27, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بالاخر بلوچستان نے پہلا میچ جیت لیا۔ سدرن پنجاب کی ناکامیوں کا سلسلہ طویل ہوگیا ہے اسے مسلسل تیسری شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو پہلے مرحلے میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ شاندار بولنگ کرنے پر عماد بٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا انہوں نے گیارہ رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئے،یاسر شاہ نے بھی تین شکار کیے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ بننے والے صہیب مقصود، ا عظم خان اور خوش دل شاہ ناکام رہے۔فاتح ٹیم نے 102 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور کی دوسری گیند پر تین وکٹ پر حاصل کرلیا۔ عبدالواحد بنگلزئی 58 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں پہلی نصف سنچری ہے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کو پہلا نقصان کپتان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 8 کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوگئے۔ دوسری وکٹ کے لیے عبدالواحد بنگلزئی نے بسم اللہ خان کے ہمراہ 57 رنز کی شراکت قائم کی۔ بسم اللہ خان 28 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ ہوئے۔ عماد بٹ تین رنز بناکر حسان خان کا شکار بن گئے ۔اگلے بیٹسمین حارث سہیل نے عبدالواحد بنگلزئی کے ہمراہ 15 رنزکی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ حارث سہیل تین رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن 17.5 اوورز میں 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عماد بٹ اور یاسر شاہ نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمید آصف نے 2 جبکہ کاشف بھٹی اور خرم شہزاد ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان صہیب مقصود 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسان خان 19 اور ذیشان اشرف 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔