میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئےپی ایم سی کےامتحانات مسترد

September 27, 2021

اسلام آباد ،راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے) میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے سلسلے میں پاکستان میڈیکل کمیشن کی طرف سے لئے گئے امتحانات کو طلبہ نے مسترد کر دیا ہے اور اس ضمن میں گزشتہ تین روز سے جاری دھرنا کے شرکاء پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے منتقل ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنے مطالبات کے منظور ہونے تک پارلیمنٹ سامنے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ دھرنے کی قیادت کر رہی ہے ، انکا کہناہےکہ پاکستان بھر سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے 2 لاکھ سے زائد طلبہ ان کیساتھ کھڑے ہیں ،اگر عمران خان 2013 ء کے چار حلقوں کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے 126 دن دھرنا دے سکتا ہے تو پاکستان کے دو لاکھ سے زائد طلبہ اپنے والدین کے ہمراہ یہاں اس وقت تک بیٹھیں گے جب تک حکومتی زعماء انکےا مطالبات منطور نہیں کر تے ،انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور طلبہ کو اٹھانے کیلئے طاقت کا استعمال ہونے سے پہلے صورتحال کو بہتر بنا ئے ورنہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور اعلیٰ نمبروں میں انٹر میڈیٹ پاس کرنیوالے طلبہ کے مابین تصادم کی خبریں دنیا بھر کے میڈیا پر سننے کیلئے تیار رہے ،مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف نے کہاکہ ہم پہلے دن سے پر امن ہیں اور اپنے مطالبات کیلئے آخری دن تک پر امن رہیں گے ،دھرنا بھی دینگے مگر ٹریفک بند نہیں کرینگے ،پولیس نے دھرنے کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے ،نقص امن کے پیش نظر پولیس نے اتا ترک ایونیو پر ٹریفک متبادل راستوں پرمنتقل کر دی ۔ دریں اثناء چوہدری عرفان یوسف نے عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے رہنماؤں حافظ نذیر اعوان، سعید راجہ، نذیر ہزاروی، ثقلین افضل، سہیل عباسی، خالد راجہ، امجد عباسی اور اعجاز حسین شاہ سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے بنائے جانے والے ناقص نظام نے دو لاکھ طلبہ و طالبات کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے۔ تین سال میں پاکستان میڈیکل کمیشن کی تعلیم کش پالیسیوں کی وجہ سے طب کا شعبہ تباہ ہو چکا ہے۔