عمران خان نے تخت بائی کی خوبصورت تصاویر شیئر کردیں

September 27, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخواکے علاقے تخت بائی میں بدھ مذہب کے ٹیمپل کے ملنے والے آثار قدیمہ کی خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں ۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر جاری کیں۔

اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ’خیبرپختونخوا کے علاقے تخت بائی میں بدھ مندر کے قدیم آثار جو پاکستان کے متمول گندھارا ورثے کا حصہ ہیں۔‘

تخت بائی کے کھنڈرات

مردان سے کوئی 20 سے 25 منٹ کی مسافت پر سوات کی جانب تخت بائی کا علاقہ ہے۔ شہر سے چند کلومیٹر دور دائیں جانب پہلی صدی قبل مسیح کی بدھ تہذیب کے عروج کے کھنڈرات ہیں۔

آثار قدیمہ کے یہ مقامات پہلی صدی عیسوی سے پانچویں اور چھٹی صدی عیسوی میں بنائے گئے تھے اور بدھ مت تہذیب کے اہم مراکز رہے ہیں۔ تخت بائی میں بدھ کمپلیکس چار اہم بدھ گروپس میں تقسیم تھا؛ پہلا اسٹوپا، دوسرا راہبوں کی خانقاہ، تیسرا مندر اور چوتھا تنتری راہبوں کی خانقاہ۔

ان آثار قدیمہ میں بدھا کے مجسمے اور تاریخی سلیپنگ اسٹوپا بھی شامل ہیں۔

تخت بائی کے آثار قدیمہ کے علاوہ آس پاس ایسے 13سے 14قدیم مقامات بھی ہیں، جن کا تعلق بدھ مت اور اشوک بادشاہ کے دور سے ہے۔

اس جگہ کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر یونیسکو نے 1980ء میں اسے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔