شہباز شریف، سلیمان شہباز کی مبینہ بریت کی خبر درست نہیں، شہزاد اکبر

September 27, 2021

وزیراعظم عمران خان کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کی کوئی بریت نہیں ہوئی نہ کوئی ٹرائل تھا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کی مبینہ بریت کی خبر درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے فنڈز منجمد کیے تھے، اُن پر مزید کوئی تفتیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر داخلہ و احتساب نے مزید کہا کہ سلیمان شہباز اپنے اور والد کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت کے مفرور ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ این سی اے نے فنڈز کی تفتیش روکنے کا حال ہی میں فیصلہ کیا ہے۔

شہزاد اکبر نے یہ بھی کہا کہ این سی اے نے یہ فنڈز عدالت کے ذریعے ریلیز کرنے پر اتفاق کیا، ریلیز آرڈر کا مطلب نہیں کہ فنڈز جائز ذرائع سے وصول ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ این سی اے نے سلیمان شہباز اور بعض اہل خانہ کے خلاف تفتیش ریکوری یونٹ یا نیب کی درخواست پر نہیں کی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر داخلہ و احتساب کا کہنا تھا کہ یہ ایک بینک کی این سی اے کو مشکوک ٹرانزکشن سے متعلق دی گئی اطلاع کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیمان شہباز کی طرف سے بعض فنڈز 2019 میں پاکستان سے برطانیہ منتقل کیے گئے، سلیمان شہباز کے منتقل یہ فنڈ برطانوی حکام اور این سی اے نے مشکوک ٹرانزکشن قرار دی تھی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ این سی اے نے ان فنڈز کے خلاف عدالت سے منجمد کرنے کے احکامات لیے تھے۔