ایف بی آر سسٹم میں مسائل، انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے میں عوام کو مشکلات، آئی ٹی سسٹم معمول کے مطابق کام کررہا ہے، FBR

September 28, 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر سسٹم میں مسائل کی وجہ سے انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سسٹم معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔ جب کہ وزیر خزانہ نے ٹیکس دہندگان سے ریٹرنز فائل کرنے کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ایف بی آر کے سسٹم کو خرابیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو 30 ستمبر، 2021 کی ڈیڈ لائن تک انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریٹرنز فائل کرنے والے مختلف افراد نے شکایت کی ہے کہ انہیں انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جب کہ ملک کے مختلف حصوں میں چہلم امام حسینؑ کے موقع پر انٹرنیٹ سروسز بھی سست روی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے بھی ریٹرنز فائلرز کو اپنے ریٹرنز اور ٹیکس چالان اپ لوڈ کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ اس ضمن میں جب ایف بی آر کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند روز میں عوام کی اکثریت اپنے ریٹرنز فائل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی وجہ سے آئی ٹی سسٹم میں مسائل آرہے ہیں۔ اس لیے عوام کو ابتدائی 86 روز میں اپنے ریٹرنز فائل کرنے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے آخری تین چار روز کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا آئی ٹی سسٹم معمول کے مطابق کام کررہا ہے لیکن ملک کے بیشتر حصوں میں انٹرنیٹ سروسز سست روی کا شکار ہیں، اس لیے ٹیکس دہندگان کو اپنے ریٹرنز فائل کرنے کے لیے تیز انٹرنیٹ سروسز استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اپنے جاری ویڈیو پیغام میں ٹیکس دہندگان سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ریٹرنز فائل کریں اور اپنی سالانہ آمدنی کے مطابق قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔